Id al-fitr

عید الفطر کو عام طور پرعید کہا جاتا ہے۔ یہ روزوں کے اختتام پر منائی جاتی ہے۔  روزہ کے مہینے کو رمضان کہتے ہیں اور سب بالغ مسلمان جو روزہ رکھنے کے قابل ہیں، روزہ رکھتے ہیں۔ روزہ رکھنے والے سورج کے طلوع ہونے اور سورج غروب ہونے کے درمیان کچھ نہیں کھاتے پیتے ہیں۔ رمضان میں یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ ہم کس طرح ایک دوسرے کے ساتھ خوش اخلاق اور نیک رہیں۔ عید میں اللّہ کا شکر ادا کیا جاتا ہے کہ اس نے روزہ رکھنے کی ہمّت دی۔ مسجد میں عید کی اجتماعی نماز ادا کر کے عید کا جشن شُروع ہو جاتا ہے۔ 

عید میں عام طور پراپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارا جاتا ہے۔ عید بچّوں کا دن ہے۔ بچّوں کو رشتہ داروں سے عام طور پہ تحائف یا پیسے ملتے ہیں۔ تحائف کو عیدی کہتے ہیں۔ رواج کے مطابق خوبصورت کپڑے پہنے جاتے ہیں۔ بہت سےلوگ ہاتھوں کو مہندی سے سجاتے ہیں۔ 

عید منانے سے پہلے مالدار لوگ فطرانہ دیتے ہیں جسے زکوٰۃ الفطر کہتے ہیں۔ یہ پیسے ضرورت مندوں کو دیےجاتے ہیں تاکہ وہ عید کے لیے کھانا، تحائف یااپنے نئے کپڑے خرید سکیں۔ 

کھانا عید کا ایک ضروری حصّہ ہے۔ رشتہ دار اور دوست عید کی دعوت کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں جہاں مزے دار پکوان اور مختلف میٹھا پیش کیا جاتا ہے۔ میز پر ہر گھر میں مختلف پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔

عام طور پہ ایک دوسرے کو “عید مبارک” کہ کر عید کی مبارکباد دی جاتی ہے۔ بہت سے لوگ ایک دوسرے کو عید کے کارڈ دیتے یا بھیجتے ہیں۔